اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب کی مبارک باد کے جواب میں ان کا شکریہ ادا کیا ہے اور ان کے علاوہ دنیا بھر سے مبارک باد کا پیغام دینے والے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں مبارک باد پیش کی تھی اور اس حوالے سے ٹویٹ کیا تھا۔
مبارک باد کے جواب میں آج شہباز شریف نے جوابی ٹویٹ کرتے ہوئے مبارک دینے پر بھارتی ہم منصب نریندی مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
علاوہ ازیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پیغام کے جواب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے پر مبارک دینے پر اپنے بھائی شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد اور برادر ملک سعودی عرب کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی احترام، مذہبی اور ثقافتی وابستگی اور مشترکہ اقدار پر مبنی تاریخی بندھنوں میں بندھے ہیں، مجھے یقین ہے کہ یہ برادرانہ رشتے آنے والے وقتوں میں پروان چڑھتے رہیں گے اور دونوں برادر ممالک کے عوام کے باہمی فائدے کے لیے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔
وزیراعظم نے کینیا کے صدر سے بھی اظہار تشکر کیا اور کہا کہ میری بطور وزیراعظم پاکستان تقرری پر آپ کی پرتپاک مبارک باد کا خیر مقدم کرتا ہوں، پاکستان اور کینیا کے درمیان قریبی اور خوش گوار تعلقات ہیں، میں اپنے دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون مزید بڑھانے کے لیے مسلسل تعاون کا منتظر ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو جوابی ٹوئٹ میں کہا کہ میرے بھائی کی طرف سے مبارک باد کے لیے کال موصول ہوئی، ہم نے اپنے ممالک اور خطے کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے وزیراعظم کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے مبارک باد دی تھی۔