اسلام آباد: قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، حلف برادری کے بعد نعرے بازی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔
افتتاحی اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق افتتاحی اجلاس کے آغاز پر تلاوت کلام پاک، حمد وثنا اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا اور حلف کے بعد نو منتخب اراکین رول آف ممبرز پر دستخط کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے نامزد وزیراعظم شہباز شریف، سینیٹر اسحاق ڈار، نور عالم خان سمیت دیگر اراکین پارلیمنٹ ہاوٴس پہنچے۔ آزاد اراکین نے بانی پی ٹی آئی کے ماسک پہن کر ایوان میں احتجاج کیا۔
پارلیمنٹ ہاوٴس جانے والے راستوں پر سیکیورٹی انتہائی سخت کی گئی ہے۔ ریڈ زون میں داخلے کے لیے سرینا چوک، نادرا چوک اور ڈی چوک والے راستے بند ہیں جبکہ ریڈزون میں داخلے کے لیے مارگلہ روڈ کا راستہ کھلا رکھا گیا ہے۔
ریڈزون جانے والے راستوں پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے، گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کے بعد ریڈزون میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔