گوادر: بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں کئی گھنٹوں تک ہونے والی موسلا دھار بارش نے نظام زندگی مفلوج کر دیاجبکہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔
گزشتہ روز سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے گوادر میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی، شہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے، مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، نکاسی ا?ب کا نظام متاثر ہونے سے شہری محصور ہو کر رہ گئے۔
بارش کے باعث کئی مکانات بھی گر گئے، بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا جبکہ شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں، مسلسل بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا ہے، گزشتہ کئی گھنٹوں سے بارش کے جاری رہنے والے سلسلے میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ادھرخیبرپختونخوا میں کل سے بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونے پر پی ڈی ایم اے نے صوبائی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کیلئے مراسلہ جاری کر دیا ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی اور فلڈنگ کا خدشہ ہے، بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے، برفباری اور بارشوں سے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوادر میں بارش کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو چکی، بارش کے بعد کی صورتحال ہنگامی اقدامات کی متقاضی ہے۔
بلاول بھٹونے کہا کہ بارش کی وجہ سے گوادر کے گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہو چکا، شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں، پیپلز پارٹی کے جیالے مصیبت میں پھنسے گوادر کے شہریوں کی مدد کریں، انتظامیہ گوادر کے شہریوں کی مدد کیلئے فوری اقدامات کرے۔