کراچی:تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9 آزاد اراکین اور جماعت اسلامی کے ایک رکن سندھ اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔
سپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس 19 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9 آزاد اراکین اور جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق سمیت 10 ارکان نے آج سندھ اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
سپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔
پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے تین، تین ارکان نے حلف نہیں لیا۔
گزشتہ روز 147 ارکان نے سندھ اسمبلی میں حلف لیا تھا، ابتک مجموعی طور پر 157 ارکان سندھ اسمبلی حلف لے چکے ہیں، الیکشن کمیشن نے 163 ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے فیصلے پر پہلے آزاد ارکان سندھ اسمبلی نے حلف نہیں لیا تھا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے سپیکر کیلئے سید اویس شاہ اور ڈپٹی سپیکر کیلئے انتھونی نوید کو نامزد کیا ہے جبکہ ایم کیو ایم کی طرف سے سپیکر کیلئے صوفیہ سعید شاہ اور ڈپٹی سپیکر کیلئے راشد خان میدان میں ہیں۔
دونوں عہدوں کیلئے انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔