لاہور:ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کمشنر راولپنڈی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا۔
پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کمشنر نے بیان دیا راولپنڈی میں جہاں پی ٹی آئی ہاری وہاں 50،50ہزار ووٹوں کی دھاندلی ہوئی، پی ٹی آئی کے جیتے گئے حلقوں کے علاوہ راولپنڈ ی میں دھاندلی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمشنر کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں ہوتا جو انہیں الیکشن نتائج کی تیاری تک رسائی دے، کمشنر نہ آراو ہوتاہےاور نہ ڈی آر او ہوتا ہے، موصوف کہہ رہے ہیں راولپنڈی ڈویژن میں جعلی لیڈ دے کرامیدواروں کوجتوایا گیا، آپ کو تو الیکشن کمیشن میں جانا چاہیے تھا جہاں3 دن نتائج رکے رہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کمشنر راولپنڈی کہتے ہیں فارم45 میں کوئی غلطی نہیں، کمشنرکو ثبوت دینے چاہئیں،چاہے وہ میڈیا کو ہی ثبوت پیش کر دیں، 8دن کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کرنے کی کیاضرورت ہے، تحقیقات ہونی چاہیے کمشنر 8 دن تک کن سے ملتے رہے۔
ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں سے جب انٹرنیشنل میڈیا والے فارم45 کے بارے پوچھتے ہیں تو جواب دیا جاتا ہے ہمارے پاس سکرین شارٹ ہے، پھر جعلی فارم45 تیار کرکے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیئے جاتے ہیں، جب ان سے حساب مانگا جاتاہےتو سیاست پر چڑھائی کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 4سال میں انہوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا، ملک میں افراتفری پیدا کی گئی یہاں تک کہ ملک ڈیفالٹ ہو جاتا، شہدا کے مجسمے گرا دیئے گئے، ان کوٹھوکریں ماری گئیں، سکول جلاؤ،ہسپتال جلاؤ،اس ملک میں لاک ڈاؤن کرو، یہ پوراگروہ ہے جو پورے ملک میں امن و امان لانا ہی نہیں چاہتا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ آج ہم سب نے فیصلہ کرنا ہے ہم ملک کے لیے کیاکرنا چاہتےہیں، کمشنر راولپنڈی کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہیے تاکہ ملک میں ہیجان کی کیفیت پیدا کرنے والے بیرون ملک فرار نہ ہو سکیں۔