اسلام آباد:معروف بین الاقوامی جریدے دی اکانومسٹ نے پاکستان میں رائج طرز حکمرانی کو آمرانہ قرار دے دیا ہے۔
دی اکانومسٹ کے انٹیلی جنس یونٹ نے دْنیا بھر میں جمہوری نظام کے حوالے سے ڈیموکریسی انڈیکس 2023ء رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق پاکستان کی جمہوریت کے حوالے سے رینکنگ میں تنزلی دیکھنے میں آئی ہے، امریکا، بھارت، برازیل اور انڈونیشیا جیسے ممالک فلاڈ جمہوریت قرار دیئے گئے جبکہ ناروے، نیوزی لینڈ اور آئس لینڈ مکمل جمہوری ممالک کی فہرست میں سب سے اوپر ہیں۔
ڈیموکریسی انڈیکس رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس پاکستان کا جمہوریت میں 105 واں رینک تھا جو تنزلی کے بعد اقوام عالم میں 118 نمبر پر آ گیا ہے، پاکستان اس برس ایشائی ممالک میں وہ واحد ملک ہے جسے سکور میں تنزلی کے بعد ہائبرڈ کی فہرست سے نکال کر اتھاریٹیرین یعنی آمرانہ طرز حکومت والے ممالک کی فہرست میں ڈالا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فلاڈ جمہوریت سے مراد وہ نظام ہے جہاں انتخابات تو صاف و شفاف ہوتے ہیں لیکن وہاں موجود جمہوری نظام میں مسائل ہوتے ہیں جیسے کہ میڈیا پر دباوٴ، نظام میں کمزوریاں اور لوگوں کی سیاسی نظام میں دلچسپی میں کمی۔