اسلام آباد: پی ٹی آئی کی جانب سے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کی کال کے بعد اسلام آباد پولیس نے اضافی نفری طلب کرلی تاہم ترجمان اسلام آباد پولیس نے واضح کیا ہے کہ ہائی سیکیورٹی زون کے اندر کسی ریلی یا جلوس کی اجازت نہیں ہو گی۔
ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے پولیس کو تاحال کوئی درخواست نہیں موصول ہوئی جبکہ پولیس نے ممکنہ احتجاج کے حوالے سے مزید نفری طلب کر لی ہےاور ریڈ زون کا دائرہ کار فیصل ایونیو تک ہو چکا ہے۔
پولیس نے خدشہ ظاہر کیا کہ کل عوام کو آمدورفت کے دوران دقت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جبکہ سڑک بند کرنے اور غیرقانونی اجتماع کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی اور خواتین، بزرگوں اور بچوں سے گزارش ہے کہ ایف نائن پارک کی طرف آنے سے گریز کریں۔
احتجاج کیلیے درخواست دے دی، پی ٹی آئی
دوسری جانب تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کو کل 17 فروری کے روز احتجاج کیلئے درخواست دے دی۔
ذرائع کے مطابق احتجاج کے لیے تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ سے نیشنل پریس کلب کے سامنے اجازت مانگ لی، پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی سربراہی میں بڑی تعداد میں خواتین اور کارکنان پر امن احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے احتجاج کی اجازت نامے کی درخواست وصول کی اور ڈائری نمبر بھی الاٹ کر دیا۔