کوئٹہ: بلوچستان میں حکومت سازی کے لئے مختلف فارمولوں پر غور شروع کر دیا گیا۔
پہلی تجویز یہ ہے کہ پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن اور جمعیت علماء اسلام کے ساتھ ملکر حکومت بنائے گی، دوسری تجویز کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن وفاق کی طرز پر اڑھائی اڑھائی سال کیلئے وزارت اعلیٰ سنبھالیں گی، تیسری تجویز ہے کہ وفاق میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں اتحاد نہ ہوا تو بلوچستان میں پیپلزپارٹی اور جے یو آئی حکومت بنائے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن کو سپیکر شپ جبکہ جے یو آئی کو گورنر شپ دینے کی بھی پیش کش کی ہے، دونوں جماعتیں پیش کش کو قبول کرتی ہیں تو وزارت اعلیٰ پاکستان پیپلزپارٹی کے حصے میں آئے گی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی کی صوبائی قیادت بھی اسلام آباد میں موجود ہے، حتمی فیصلے مرکزی قیادت ہی کرے گی، پیپلز پارٹی کی جانب سے وزارت اعلیٰ کیلئے حتمی نام کا فیصلہ بھی مرکزی قیادت کرے گی۔