اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا، اپنے اعلامیہ میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ اکا دکا واقعات سے انکار نہیں، تدارک کیلئے متعلقہ فورمز موجود ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے شکایات پر فوری فیصلے کیے جا رہے ہیں، مشکلات اور مسائل کے باوجود 8 فروری کو انتخابی عمل پُرامن اور منظم رکھنے میں کامیاب رہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات ایک بہت بڑا آپریشن تھا جسے کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا، ای ایم ایس نے آر اوز کے دفاتر میں تسلی بخش کام کیا، موبائل سروس کی بندش سے پریذائیڈنگ افسران الیکٹرانک ڈیٹا بھیجنے سے قاصر رہے۔
اعلامیہ کے مطابق معمول کی کوآرڈی نیشن اور نقل و حمل کو موبائل سروس کی بندش نے بری طرح متاثر کیا، 2018ء انتخابات کا پہلا نتیجہ اگلے روز صبح 4 بجے موصول ہوا تھا، اس مرتبہ پہلا نتیجہ رات دو بجے موصول ہوا۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق کچھ حلقوں کے علاوہ انتخابات کے نتائج ڈیڑھ دن میں مکمل کیے گئے، 2018ء کے انتخابات میں نتائج کی تکمیل میں تین روز لگے تھے، کچھ حلقوں میں نتائج کی تاخیر سے کسی مخصوص سیاسی جماعت کو فائدہ یا نقصان نہیں پہنچا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے انعقاد سے پہلے اور انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن کو بے پناہ چیلنجز درپیش تھے۔