فیصل آباد:نو مئی مقدمات میں ملوث پاکستان تحریک انصاف کےرہنما ء شہباز گل سمیت64ملزموں کو اشتہاری قرار دیدیا گیا۔
مقدمے کی سماعت فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی، عدالت نے حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کے مقدمہ میں ملوث 64 ملزموں کو باربار نوٹس بھجوانے کے باوجود پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے دیا۔
اشتہاری قرار دیئےجانے والوں میں ڈاکٹر شہباز گل، منحرف رکن فرخ حبیب، ایمن سرفراز، احمد بھٹی، نعمان اور دیگر ملزمان شامل ہیں ۔
ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزمان کے اشتہار جاری کردیئے، ملزمان کو اشتہاری قراردینے کے اشتہار گھر، دفاتر اور اہم مقامات پر آویزاں کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ شہباز گل سمیت سینکڑوں پی ٹی آئی رہنماؤں پر نومئی کو اداروں کے خلاف بغاوت پر اُکسانے، حساس اداروں پر حملوں سمیت جلاؤ گھیراؤ کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔