اسلام آباد: نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کاکہنا ہے کہ انتخابات میں 12 کروڑ سے زائد شہری ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، پرامن اور شفاف الیکشن کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں وزارت داخلہ، الیکشن کمیشن کے سیکرٹریز، ترجمان دفتر خارجہ اور پی آئی او کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں 4 دن باقی ہیں، صاف اور شفاف الیکشن کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے، ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری ہے، ہم ایک آزاد ملک ہیں، اس ملک میں سب کو اپنی اپنی رائے دینے کا حق ہے، ہم عدالتوں کو کنٹرول نہیں کرتے،وہ آزاد ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکشن میں سکیورٹی کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پولیس سب سے پہلے سکیورٹی کے فرائض انجام دے گی، دوسرے حصے میں فرنٹیئر کارپس (ایف سی)، رینجرز سکیورٹی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی 266 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، انتخابات میں 12 کروڑ سے زائد شہری ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، 6 کروڑ 90 لاکھ مرد، 5 کروڑ 90 لاکھ سے زائد خواتین ووٹرز رجسٹرد ہیں، انتخابات میں 20 لاکھ خواتین ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے، دہشتگردی کے باعث 2008 کے انتخابات خوف کی فضا میں ہوئے، 2008 اور 2013 میں دہشت گردی تھی، طالبان کے کابل میں حکومت سنبھالنے پر دہشت گردی میں اضافہ ہوا، القاعدہ اور ٹی ٹی پی افغانستان کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔