راجن پور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چار سال میں جنوبی پنجاب کو گل گلزار بنا دینا چاہئے تھا، سیلاب میں جو کام کیا اس سے موازنہ کرلیں، فیصلہ آج ہی ہو جائے گاہماری حکومت رہتی توجنوبی پنجاب کی تقدیر بدل چکی ہوتی۔
راجن پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میں نواز شریف اور خود کا سلام پیش کرتا ہوں ، سیلاب میں راجن پور کے عوام کی خدمت کے لیے آیا تھا، میں یہاں آکر آج بہت خوش ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج آپ کا خادم آپ کے پاس راجن پور آیا ہے، اتنا بڑا سیلاب اور تباہی زندگی میں کبھی نہیں دیکھی، سیلاب میں ہزاروں لوگ دربدر ہوئے۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ راجن پور ڈسٹرکٹ ہسپتال کو جدید سہولیات سےآراستہ کیا، 20 دانش سکول بنائے، جن میں 16 جنوبی پنجاب میں ہیں، راجن پور ڈسٹرکٹ ہسپتال کا صوبے کےکسی بھی ہسپتال سے موازنہ کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ چار سال میں جنوبی پنجاب کو گل گلزار بنا دینا چاہئے تھا، سیلاب میں جو کام کیا اس سے موازنہ کرلیں، فیصلہ آج ہی ہو جائے گا، رحیم یار خان میں بہترین یونیورسٹی بنائی جہاں ہزاروں طلبا تعلیم حاصل کررہے ہیں، پورے پنجاب میں لیپ ٹاپ دیئے، روزگار سکیم کے تحت گاڑیاں دی گئیں۔