کیلیفورنیا: مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کو سال کی پہلی بڑی سہولت فراہم کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میٹا کی جانب سے واٹس ایپ چینلز کیلئے سال 2024 کی پہلی بڑی اپ ڈیٹ کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ نے چینلز فیچر جون 2023 میں متعارف کرایا تھا جو آغاز میں چند ممالک تک محدود رکھا گیا تھا مگر ستمبر میں اسے پاکستان سمیت دنیا بھر میں صارفین کیلئے پیش کر دیا گیا۔
واٹس ایپ صارفین اپنی پسند کی شخصیت، سپورٹس اور دیگر موضوعات کی اپ ڈیٹس کو چینلز کے ذریعے جان سکتے ہیں۔
نومبر میں میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ محض 7 ہفتوں میں واٹس ایپ چینلز استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 50 کروڑ سے زائد ہو گئی، واٹس ایپ چینلز کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے میٹا کی جانب سے اس میں مزید فیچرز کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا۔
میٹا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ چینلز میں وائس نوٹس، پولز اور اضافی ایڈمنز جیسے فیچرز کا اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد واٹس ایپ چینلز چلانے والے اپنے فالوورز کے ساتھ وائس اپ ڈیٹس شیئر کر سکیں گے جس سے انگیجمنٹ میں اضافہ ہوگا۔
کمپنی کے مطابق واٹس ایپ صارفین کی جانب سے روزانہ 7 ارب وائس میسجز بھیجے جاتے ہیں اور اسی طرح واٹس ایپ چینلز میں مختلف موضوعات پر پولز کرانے کے آپشن کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔
ابھی چینلز میں صارفین صرف ایموجیز کے ذریعے ہی اپنے ردعمل کا اظہار کر سکتے ہیں تاہم ایک اور نیا فیچر چینل اپ ڈیٹس کو واٹس ایپ اسٹیٹس میں شیئر کرنے کا ہے، اس فیچر سے چینل ایڈمنز کو اپنے چینل کو مقبول کرنے میں مدد ملے گی۔
میٹا کے مطابق اب ایک چینل کو چلانے کیلئے 15 ایڈمنز کو ایڈ کرنا ممکن ہوگا جس سے صارفین کے ساتھ اپ ڈیٹس کو شیئر کرنے کا عمل زیادہ تیز ہو جائے گا۔