واشنگٹن: دنیا کی طاقت ور ترین 145 ممالک کی افواج کی فہرست جاری کردی گئی جس میں اولین دس افواج میں پاکستان بھی شامل ہے۔
غیر خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی شہرت یافتہ ویب سائٹ گلوبل فائر پاور دنیا کی طاقت ور ترین افواج کی فہرست جاری کرتی ہے۔ یہ فہرست مذکورہ ملک کے 60 عناصر کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائی جاتی ہے۔
ان عناصر میں جغرافیائی اہمیت، ملٹری یونٹس کی تعداد اور معاشی حالات بھی شامل ہیں۔ ان عناصر کی مدد سے دنیا کی طاقت ور ترین افواج کا انڈیکس ریٹ تیار کیا جاتا ہے۔
رواں برس جاری کی گئی فہرست میں پاک فوج دنیا کی 145 میں سے طاقت ور ترین افواج میں نویں نمبر پر ہے۔ پاک فوج کی انڈیکس ریٹنگ 0.1711 ہے۔
فہرست میں 0.0699 انڈیکس ریٹنگ کے ساتھ امریکا اوّل نمبر پر ہے جب کہ روس دوسرے اور چین تیسرے نمبر پر ہے جن کی انڈیکس ریٹنگ بالترتیب 0.0702 اور 0.0706 ہے۔
اس انڈیکس میں چوتھے اور پانچویں نمبر پر بھارت اور جنوبی کوریا جب کہ برطانیہ، جاپان اور ترکیہ بالترتیب چھٹے، ساتویں اور آٹھویں نمبر پر براجمان ہیں۔ اٹلی دسویں نمبر پر ہے۔
گلوبل فائر پاور کے مطابق کمزور ترین افواج میں بھوٹان، ملڈووا اور سرینیم شامل ہیں۔