اسلام آباد: نگران وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان نے جواب دے دیا، اب ایران آگے بڑھے اور زیادتی کا ازالہ کرے۔ایران کو اس جارحیت پر پاکستان سے معافی مانگنی چاہئے،
نگران وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کو وحدت کی ضرورت ہے، ایک طرف پاکستان اور دوسری جانب عراق ہے، دونوں پڑوسی ممالک پر ایک ہی وقت میں ایران سے حملہ ہوا، پاکستان کمزور ملک نہیں اور نہ کسی کو سمجھنا چاہئے۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ اس وقت پاکستان اس خطے میں ہندوستان جیسے جارح ملک کا مقابلہ کررہا ہے، ایران کو اس جارحیت پر پاکستان سے معافی مانگنی چاہئے، پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے جوابی کارروائی کی۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے ہمارے بارڈرز ریڈ لائن ہیں، پاکستان کے عوام لاوارث نہیں ہیں، پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے، خطبات جمعہ میں ایران کی جارحیت کی مذمت کی جائے گی۔
حافظ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ یہ وطن کی سلامتی کا معاملہ ہے، سوشل میڈیا مہم سازی میں شامل نہ ہوا جائے، ایک دو کے علاوہ تمام اسلامی ممالک نے پاکستان کو اپنی تائید اور تعاون کا کہا ہے۔