اسلام آباد:نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے آئندہ عام انتخابات میں سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے کمیٹی بنا دی ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں سیکرٹری داخلہ سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز شامل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی 7 اراکین پر مشتمل ہے جبکہ وزیر مواصلات کمیٹی کے کنونیئر ہوں گے۔کمیٹی عام انتخابات سے متعلق سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے گی۔عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے انتظامی امور سمیت متعلق امور کابھی جائزہ لے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی امن وامان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی سیکیورٹی سے متعلق معاملات کو بھی دیکھے گی۔عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کے احکاما ت پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی انتخابات کے بہتر انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل درآمد کرے گی اور اضافی سیکیورٹی کی ہنگامی ضرورت پر ہدایات بھی جاری کرے گی۔