لاہور: اجمیر شریف ، انڈیا جانے والے پاکستانی زائرین تاحال ویزوں کے منتظر، ویزوں کی اطلاع نہ ملنے پر وزارتِ مذہبی امور نے زائرین کو لاہور آنے سے روک دیا۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق اجمیر شریف کے زائرین نے پروگرام کے مطابق جمعہ کے روز لاہور پہنچنا تھا، پاکستانی زائرین نے اجمیر شریف جانے کیلئے 13 جنوری کو بھارت روانہ ہونا تھا۔
مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ انڈین ہائی کمیشن نے ابھی تک زائرین کے ویزوں سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی، انہوں نے کہا کہ اجمیر شریف عرس کیلئے منتخب زائرین نئی اطلاع ملنے تک لاہور کا سفر نہ کریں۔
ترجمان کے مطابق دونوں ملکوں کے مذہبی سیاحتی وفود 1974ء کے معاہدے کے تحت سفر کرتے ہیں، معاہدے کے تحت ہر سال سیکڑوں ہندو اور سکھ یاتری پاکستان میں اپنے مذہبی مقامات کی یاترا کرتے ہیں۔
مذہبی امور کے ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستانی زائرین انڈیا میں بزرگانِ دین سے منسوب 6 خانقاہوں پر حاضری دیتے ہیں۔