اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جسٹس مظاہر نقوی کی جانب سے جوڈیشل کونسل کی کارروائی روکنے کے لیے دائر کی گئی آئینی درخواست 8 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ 8جنوری کو دن ڈیڑھ بجےسماعت کرے گا، بنچ میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل ہیں۔
جسٹس مظاہر نقوی نے جوڈیشل کونسل کی کارروائی سپریم کورٹ میں چیلنج کی تھی، جس پر جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 15 دسمبر کو سماعت کی تھی اور ان کی درخواست مسترد کردی تھی۔
سپریم کورٹ میں ہونے والی گزشتہ سماعت میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے وکیل مخدوم علی خان نے بینچ کے سامنے دلائل دیے تھے جبکہ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا تھا کہ بینچ پر اعتراض اٹھائے جارہے ہیں تو وہی بینچ کونسل کی کارروائی روکنے کے لیے حکم امتناع کیسے دے سکتا ہے۔
تین رکنی بینچ نے مزید سماعت 8 جنوری تک ملتوی کردی تھی۔
دوسری جانب چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف شکایت پر سماعت 11 جنوری تک ملتوی کردی تھی۔