لاہور: متروکہ وقف املاک بورڈ حکام نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کرتارپور کی مالی معاونت کے لیے فنڈز جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔
وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ابتدائی طور پر 70 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ جنوری 2024 سے ماہانہ ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی ادائیگی کی جائے گی، علاوہ ازیں متروکہ وقف املاک بورڈ نے وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سے بورڈ کے ڈپٹی سیکریٹری شرائنز کے عہدے پر کسی قابل افسر کی تعیناتی کی سفارش بھی کی ہے۔
پی ایم یو کرتار پور کو دو سال کے دوران اپنے پاؤں پر مالی طور پر مستحکم کرنے کے لیے 31 کروڑ 20 لاکھ روپے گرانٹ ان ایڈ کی مد میں فراہم کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اکتوبر 2023 میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے 353 ویں اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کرتار پور نے بورڈ کے سربراہ و ممبران کو شدید مالی خسارے کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
بورڈ کے شرکاء نے متفقہ طور پر پی ایم یو کرتار پور کو 2 سال تک ماہانہ ایک کروڑ 30 لاکھ روپے فراہم کرنے کی منظوری دے تھی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد متروکہ وقف املاک بورڈ کے اکاؤنٹس سکیشن کی جانب سے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کرتار پور کو فنڈز کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر 70 لاکھ روپے کی گرانٹ پی ایم یو کرتارپور کو ٹرانفسر کی گئی ہے جبکہ جنوری 2024 سے ماہانہ ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔
خیال رہے کہ پی ایم یو کرتار پور کو انتطامی معاملات چلانے کے لیے وسیع بجٹ درکار ہے۔ پی ایم یو کرتارپور انتطامیہ یاتریوں اور سیاحوں سے انٹری فیس کی مد میں حاصل ہونے والی آمدن سے اخراجات پورے کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو کہ انتہائی ناکافی ہیں۔
علاوہ ازیں، متروکہ وقف املاک بورڈ حکام نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سے ڈپٹی سیکریٹری (شرائنز) کے عہدے کے لیے وفاقی حکومت سے قابل افسر تعینات کرنے کے لیے معاونت طلب کی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکریٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال کی جانب سے وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کے متعلقہ سیکشن آفیسر کو مراسلہ بھیجا گیا ہے۔
جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ 15 اگست 2022 کو کیبنٹ سیکریٹری، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری احکامات کی روشنی میں سیف اللہ کھوکھر ڈپٹی ڈائریکٹر (گریڈ 18 کو تین سال کے لیے کنٹریکٹ کی بنیاد پر بطور ڈپٹی سیکریٹری (شرائنز) متروکہ وقف املاک بورڈ میں تعینات کیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں تبدیل کر کے ڈپٹی سیکریٹری (ایڈمن) پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کرتار پور تعینات کر دیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈپٹی سیکریٹری شرائنز کے لیے وفاقی حکومت سے کسی افسر کی تعیناتی کی سفارش کرے تاکہ انہیں ذمہ داری سونپی جاسکے۔