لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے عام انتخابات کے لئے پنجاب کی بیوروکریسی سے ریٹرننگ افسروں کو لینے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، الیکشن کمیشن کے وکیل نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کردی، وکیل ای سی پی نے بتایا کہ عدلیہ کو خطوط لکھے مگر کیسز کے باعث انہوں نے جوڈیشل افسر دینے سے انکار کیا۔
وکیل ای سی پی نے مزید کہا کہ ملک میں الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، کل ریٹرننگ افسروں اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو عام انتخابات کا اعلان کیا ہے، الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسروں کے لئے حکومت سے رابط کیا ہے، نگران حکومت سے غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کی امید نہیں کی جا سکتی۔
درخواست میں استدعا کی گئی عدالت الیکشن کمیشن کا آر اوز اور ڈی آر اوز کے لئے بیوروکریسی کی تعیناتی کا فیصلہ غیر قانونی قرار دے۔