لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے بغیر لائسنس پالتو جانوروں اور پرندوں کا کاروبار کرنے والی دکانیں سیل کرنے کا حکم سمیت عدالت نے ٹولنٹن مارکیٹ نالے کی صفائی کا بھی حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں ٹولنٹن مارکیٹ کی صفائی نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے شہری عنیزہ آصف کی درخواست پر سماعت کی جبکہ بیرسٹر عزت فاطمہ نے درخواست گزار کی طرف سے دلائل دیئے۔
عدالتی حکم پر واسا، ایل ڈی اے، سمیت اداروں کے افسران پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں صفائی کے انتظامات نہ ہونے سے علاقے میں بدبو پھیلتی ہے، کیمپ جیل سمیت علاقے کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، ٹولنٹن مارکیٹ کے نالے میں جانوروں کی باقیات پھینک دی جاتی ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سن کر عدالت نے بغیر لائسنس پالتو جانوروں اور پرندوں کا کاروبار کرنے والی دکانیں سیل کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے ٹولنٹن مارکیٹ نالے کی صفائی کا بھی حکم دے دیا، جسٹس شاہد کریم نے ٹولنٹن مارکیٹ کی باقاعدہ صفائی کرنے کا بھی حکم جاری کردیا۔
عدالت نے ٹولنٹن مارکیٹ کے صدر کو بھی درخواست میں فریق بنانے کی ہدایت کر دی جبکہ آئندہ سماعت پر واسا، ایل ڈی اے سمیت اداروں سے عملدرآمد رپورٹس طلب کرلیں۔
قبل ازیں درخواست گزار کی جانب سے موٴقف اختیار کیاگیا تھا کہ ٹولنٹن مارکیٹ نالے کی عرصہ دراز سے صفائی نہیں کی گئی، ٹولنٹن مارکیٹ میں پالتو جانوروں اور پرندوں کا غیر قانونی کاروبار کیا جارہا ہے، استدعا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ متعلقہ حکام کو ٹولنٹن مارکیٹ کی صفائی کے احکامات جاری کرے۔