راولپنڈی:چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کیخلاف راولپنڈی اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔
آج کی سماعت میں پی ٹی آئی چیئرمین اور شاہ محمود قریشی کی حاضری لگائی گئی جس کے بعد خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت 4 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔
ایف آئی اے ٹیم ریکارڈ سمیت اڈیالہ جیل پہنچی جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء ، پراسیکیوٹر شاہ خاور، ذوالفقارعباس نقوی ایڈووکیٹ اور سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
اس کے علاوہ سماعت کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی، بہنیں اور شاہ محمود کی فیملی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھی جبکہ آج کی سماعت میں میڈیا نمائندگان اور عوام کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیرِ خارجہ کے خلاف سائفر کیس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن موصول ہونے کے بعد آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس کی سماعت ملتوی کر دی تھی۔