نیویارک:فلسطینی نژاد معروف امریکی ماڈل جیجی حدید نے شدید دباؤ اور دھمکیوں کے بعد اسرائیل کے خلاف کی گئی پوسٹ پر معذرت کر لی۔
جیجی حدید نے حال ہی میں اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اسرائیل کو دنیا کا “واحد ملک” قرار دیا تھا جو بچوں کو جنگی قیدی بناتا ہے، انہوں نے اسرائیل پر سال ہا سال سے فلسطینیوں کے اغوا، زیادتی، قتل اور تشدد کا الزام بھی عائد کیا تھا۔
جیجی حدید کی اس پوسٹ پر اسرائیل کے حامی بھڑک اٹھے تھے اور انہوں نے امریکی ماڈل کو دھمکیاں دینا شروع کردی تھیں، صیہونی گروپوں نے جیجی حدید کو جھوٹا اور یہود دشمن قرار دیا۔
اسرائیل کے حامی گروپوں کی دھمکیوں اور شدید دباؤ کے بعد جیجی حدید نے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردی اور ایک نئی پوسٹ شیئر کر کے حقائق کی جانچ پڑتال میں ناکامی پر معذرت کی ہے۔
جیجی حدید نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انسان ہونے کے ناطے مجھ سے غلطی ہوسکتی ہے اور ان غلطیوں پر میں خود کو جوابدہ بھی سمجھتی ہوں، میں غلط معلومات پھیلانے کے حق میں نہیں، میں نے ہمیشہ فلسطین کی آزادی کی تحریک کو یہود دشمنی کے جواز کے طور پر استعمال کرنے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ فلسطینی نژاد ہونے کے ناطے غزہ سے آنے والی خبریں میرے لیے دردناک ہیں، فلسطینیوں نے جو مشکلات برداشت کیں اس کے بارے میں حقیقی کہانیاں شیئر کرنا میرے لیے اہم ہے لیکن اس ہفتے کے آخر میں مجھ سے جو پوسٹ شیئر ہوئی اس سے پہلے میں نے حقیقت کی جانچ نہیں کی جس پر مجھے افسوس ہے۔
ماڈل نے مزید لکھا کہ یہودی سمیت کسی بھی انسان پر حملہ کرنا یا بے گناہ لوگوں کو یرغمال بنانا قابل قبول نہیں ہے، فلسطینیوں کے لیے آزادی اور انسانی سلوک کے ساتھ یہودیوں کا تحفظ بھی اہم ہے۔
جیجی حدید نے اپنے پیغام کے آخر میں لکھا کہ وہ تمام یرغمالیوں کی بحفاظت واپسی، غزہ اور اسرائیل کے لوگوں کی امن و سلامتی کے لیے دعا کرتی رہیں گی۔